|

وقتِ اشاعت :   July 22 – 2023


کوئٹہ: ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے بلوچستان کو مضبوط معیشت کی جانب گامزن کیاہے،وفاق سے بقایاجات نہ ملنے کی وجہ سے ترقیاتی منصوبے سست روی کا شکار ہیں،وزیر اعلیٰ نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف اسلام فار آل کے نام سے مہم کا اعلان کیا ہے،وڈھ معاملے کو وزیر اعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو خود دیکھ رہے ہیں سوشل میڈیا پر وائرل وڈیووڈھ کی نہیں بلکہ وزیرستان کی ہے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو وزیر اعلیٰ سیکر ٹریٹ میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے بلوچستان کو مضبوط معیشت کی جانب گامزن کیا ہے بلوچستان میں کینڈین حکومت کی جانب سے پاور پروجیکٹ کا آغاز کیا جائے گا کینڈین پروجیکٹ کے تحت 1ہزار میگاواٹ شمسی کے تحت بجلی پیدا کی جائے گی،کینڈین پروجیکٹ سے پیدا ہونے والے بجلی مختلف صنعتوں کو بھی فراہم کی جائے گی۔

انہوں سویڈن میں قرآن پاک کے بے حرمتی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف اسلام فار آل کے نام سے مہم کا اعلان کیا ہے،پوری دنیا میں اسلام کا مثبت پیغام پھیلانا چاہتے ہیں کیونکہ قرآن تمام انسانیت کے لئے ہے۔

انہوں نے کہاکہ گرین بس سروس کو عوام نے بھرپور سراہاہے،پاک فوج کی قربانیوں سے بیرونی سرمایہ کاری بلوچستان کی طرف متوجہ ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وڈھ معاملے کو وزیر اعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو خود دیکھ رہے ہیں وڈھ معاملے کو قبائلی طریقے سے حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وفاق سے بقایاجات نہ ملنے کی وجہ سے ترقیاتی منصوبے سست روی کا شکار ہیں سیلاب متاثرین کی بحالی بھی وفاق کی جانب سے بقایاجات نہ ملنے کی وجہ سے سست روی کا شکار ہے۔انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو وڈھ کی نہیں بلکہ وزیرستان کی ہے عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیع ہے۔