|

وقتِ اشاعت :   July 23 – 2023



کوئٹہ:  بی این پی (عوامی) کے مرکزی جنرل سیکر ٹری سید فیض بلوچ اور انفار میشن سیکر ٹری ڈاکٹر ناشناس لہڑی نے کہا ہے کہ راجی راہشون میر اسدللہ بلوچ ایک قومی لیڈر ہیں،

سیاست کر نے والے گراؤنڈ میں آکر سیا ست کریں الیکشن سے قبل صوبائی وزیر میر اسد اللہ بلوچ کے گھر پر حملہ کر کے ہمیں کسی بھی صورت جمہوری جدو جہد سے پیچھے نہیں ہٹایا جا سکتا،ہمارا مطالبہ ہے کہ راجی راہشون میر اسدللہ بلوچ کے گھر پر ہو نے والے حملے کی تحقیقات کے لئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے بی این پی (عوامی) کے مرکزی صدر راجی راہشون میر اسدللہ بلوچ کے گھر پر گزشتہ روزدستی بم حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی عرصے سے بی این پی (عوامی) کے قائد ین اور کارکنوں پر حملے کر کے انہیں جمہوری جدو جہد سے پیچھے ہٹانے کی ناکام کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی وزیر میر اسد اللہ بلوچ اکیلے نہیں بلکہ انکے ساتھ لاکھوں جیالے بھی موجود ہیں،پی این پی ایک جمہوری جماعت ہے جس نے روز اول سے جمہوریت کی بالادستی کی بات کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پنجگور سمیت بلو چستان بھر میں امن قائم کر نے کے لئے بی این پی (عوامی) نے لازوال قر بانیاں دی اور بہت سی مشکلات کا سامنا بھی کیا ہے لیکن پھر بھی اپنے کارکنوں کو منفی سوچنے پر مجبور نہیں کیا۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ میر اسد اللہ بلوچ کے گھر پر ہو نے والے حملہ کی مذمت کر تے ہوئے آج سے صوبے بھر میں پریس کلبز کے سامنے احتجاجی مظاہرے، پریس کانفرنسز کریں۔

انہوں نے وڈھ واقعے کی مذ مت کر تے ہوئے کہا کہ ریاست امن وامان کی صورتحال بر قرار رکھنے کے لئے ماں کا کردار ادا کرے۔ ا

نہوں نے کہا کہ بی این پی (عوامی) ایک ڈیمو کریٹک جماعت ہے ہم کسی بھی صورت اپنا ڈیموکریٹک مورچہ نہیں چھوڑیں گے، ہماری خواہش ہے کہ صوبے بھر میں امن و امان کی فضاء قائم ہو۔ انہوں نے کہاکہ ہم تمام قوتوں کو واضح کرنا چاہتے ہیں کہ و ہ ایسے منفی ہتھکنڈوں کے ذریعے ہمیں ڈرا نہیں سکتے، بی این پی (عوامی) نے ہمیشہ جمہوریت کی بات کی ہے جس کی وجہ سے آج ہمارے خلاف مختلف حربے استعمال کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ الیکشن سے قبل ایسا ماحول بنا کر ہمیں کسی بھی صورت ڈرایا دھمکایا نہیں جا سکتا ہے، بی این پی (عوامی) محکوم اور مظلوم کی جدو جہد کر تی رہی ہے اور ہمیشہ کر تی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ میر اسد اللہ بلوچ کی قیادت میں پنجگور میں ایسے ترقیاتی کام ہو ئے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اپنا کر دار ادا کرے۔