|

وقتِ اشاعت :   July 23 – 2023

سپریم کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی کوئٹہ کے وکیل قتل کیس میں ضمانت کی درخواست کی سماعت کرنے والا پہلا بینچ بحال کردیا گیا۔

جسٹس محمد علی مظہر کی جگہ دوبارہ جسٹس مسرت ہلالی تین رکنی بینچ کا حصہ ہوں گی۔ سپریم کورٹ کی نئی کازلسٹ جاری کردی گئی۔ جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں بینچ کل کیس کی سماعت کرے گا۔

یاد رہے کہ جمعہ کو جاری کردہ کازلسٹ میں سماعت کرنے والا بینچ تبدیل کردیا گیا تھا، نئے بینچ میں جسٹس مسرت ہلالی کی جگہ جسٹس محمدعلی مظہرکو شامل کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے ضمانت کےلیے چیئرمین پی ٹی آئی کوذاتی حیثیت میں طلب کررکھا ہے۔ 20 جولائی کو سپریم کورٹ میں وکیل قتل کیس میں نامزدگی کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

دوران سماعت سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کرلیا۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار کو سب سے پہلے عدالت میں پیش ہونا پڑے گا، یہ ذرا مناسب طریقہ کار ہوگا۔