سینئر سیاستدان اور سابق رکن قومی اسمبلی فواد چودھری نے کہا ہے کہ ملکی معاشی ترقی کیلئے پہلی شرط شریف اور زرداری خاندان کا اقتدار سے باہر ہونا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ پی ڈی ایم کی موجودہ حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے قرض لینے کے بعد ایک طرف بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بے انتہا اضافہ کیا دوسری طرف نوکر شاہی کیلئے مراعات اور اپنے ممبران اسمبلی کیلئے ترقیاتی فنڈز کا اجراء کیا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے فواد چودھری نے لکھا کہ کیا یہ معاشی پالیسی ہے جو پاکستان کو معاشی گرداب سے نکالے گی؟
سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معاشی ترقی صرف تب ہوئی جب شریف اور زرداری خاندان حکومت میں نہیں تھا اب چاہے وہ مشرف صاحب کا دور ہو یا تحریک انصاف کی حکومت۔
سابق رکن قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی بہتری کی پہلی شرط دونوں خاندانوں کا اقتدار سے باہر ہونا ہے۔