|

وقتِ اشاعت :   August 9 – 2023

اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے نیشنل بینک آف پاکستان کی ٹریڈ یونین فیڈریشن پاکستان کے کوئٹہ کیمپ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔

پانچ رکنی وفد کی قیادت این بی پی ٹریڈیونین کے سیکرٹری جنرل محمد زمان ملا خیل کر رہے تھے۔ وفد نے چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یونین کے تمام اراکین اور عہدیدران چیئرمین سینیٹ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمیں یہ موقع دیا کہ اپنی گزارشات ایوان بالاء کی قیادت کے سامنے رکھ سکیں۔

وفد نے چیئرمین سینیٹ کو این بی پی کے ملازمین کے اس اہم پلیٹ فارم کے اغراض و مقاصد اور تنظیم کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پلیٹ فارم ورکرز کے بنیادی مسائل، فلاح وبہبود اور معاونت کے لئے کار فرما ہے۔

انہوں نے چیئرمین سینیٹ کو ورکرز کو درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا اور چیئرمین سینیٹ سے درخواست کی کہ ورکرز کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں اور بینکنگ کمپنیز آرڈنینس کی شق(27-B)کے حوالے سے مناسب قانون سازی کی جائے۔

جس پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے مناسب کارروائی عمل میں لانے کی یقین دہانی کرائی۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ملازمین کسی بھی ادارے کا بنیادی اثاثہ ہوتے ہیں اور ان کے بنیادی مسائل کو حل کرنا انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے این بی پی ورکرز کے مسائل کے حل کے لئے سینیٹر نصیب اللہ بازئی کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا جو بلوچستان کا دورہ کر ے گی اور نیشنل بینک آف پاکستان کی ٹریڈ یونین فیڈریشن پاکستان کے نمائندوں، اعلیٰ حکام اور متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ مل کر دیرینہ مسائل کے حل کے لئے سفارشات مرتب کرے گی۔

خصوصی کمیٹی کے اراکین میں سینیٹر طاہر بزنجو اور سینیٹر ارباب عمر فاروق بھی شامل ہونگے۔

وفد کے اراکین نے چیئرمین سینیٹ کے اس اقدام پر شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اعلیٰ سطح کمیٹی ورکرز کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔