|

وقتِ اشاعت :   August 10 – 2023

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے وسائل بچا کر غربت، ناخواندگی اور بے روزگاری ختم کرنے کے لیے استعمال کریں تو ہمیں قرضے لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی امور پر رہنمائی کرنے پر عملے کی بے پناہ خدمات کا اعتراف اور ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج میں آپ سب کا شکریہ ادا کروں گا، 16 ماہ میں آپ نے وزیراعظم ہاؤس میں میری بھرپور رہنمائی کی جس کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ میں درست انداز میں آپ سب کا شکریہ ادا کر سکوں، میں سیکیورٹی فورسز، کک، ڈرائیور، اسسٹنٹ، اور خدمت پر مامور تمام عملے کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ 16 ماہ میری زندگی کا شاندار اثاثہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں کوشش کی کہ وسائل کو ممکنہ حد تک بچایا جاسکے، حتیٰ کہ خراب معاشی حالات کی وجہ سے کابینہ نے تنخواہیں، مہنگی گاڑیاں اور دیگر مراعات تک واپس کرنے کی پیش کش کی، میں سمجھتا ہوں کہ اگر ہم پاکستان کے وسائل کو بچا کر غربت، ناخواندگی اور بےروزگاری کے لیے استعمال کریں تو ہمیں قرضے لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کو مشکلات سے نکال کر خوشحالی کی جانب گامزن کرنے کے لیے جتنے اتحاد، محنت اور یکجہتی کی ضرورت ہمیں آج ہے وہ 75 سالوں میں پہلے کبھی نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جس مقصد کے لیے وجود میں آیا اور جس مقصد کے لیے ہمارے آباؤاجداد نے قربانیاں دیں، وہ تمام کوششیں ایک ایسے پاکستان کے لیے کی گئی تھیں جہاں سب کو ترقی کرنے کے مواقع میسر ہوں لیکن بدقسمتی سے ہم اس راستے سے بھٹک گئے، لیکن وقت آگیا ہے کہ ہم دوبارہ اس عہد کی تجدید کریں اور قرآن پاک، رسولﷺ کی سنت اور قائداعظم کے خیالات کے مطابق پاکستان کی خدمت کریں تاکہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کی صلاحیت دیں اور ہمیں کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ نے بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے، کمی صرف کرگزرنے کی ہے، اگر اس پر ہم کام کریں تو ہم ماضی میں کھوئے ہوئے اپنے وقت اور نقصانات کو پورا کرسکتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اگر ہم بحیثیت قوم فیصلہ کرلیں کہ ہم نے اپنی تقدیر بدلنی ہے تو اس سب کے لیے ہمیں شب و روز کی محنت درکار ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عملے سے مخاطب ہوکر کہا کہ اب نگران حکومت آئے گی اور اس کے ساتھ بھی آپ کو اسی محنت سے ذمہ داری ادا کرنی ہے اور یہ ذمہ داری تقاضہ کرتی ہے کہ آپ پاکستان کی بھرپور خدمت کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کی تحلیل کی سمری گزشتہ روز صدر مملکت کو بھیجی تھی جس پر ڈاکٹر عارف علوی نے دستخط کردیے تھے جس کے بعد وفاقی کابینہ اور قومی اسمبلی مدت ختم ہونے سے 3 روز قبل تحلیل ہوگئی۔

تاہم حکومت نگران وزیراعظم کا نام حتمی طور پر طے کرنے میں تاحال ناکام ہے، نگران وزیراعظم کے نام پر مشاورت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کے درمیان آج ملاقات متوقع ہے۔

آئین کے تحت اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد ان کے پاس نگران وزیراعظم کا نام حتمی طور پر طے کرنے کے لیے 3 روز کا وقت ہے۔