|

وقتِ اشاعت :   August 11 – 2023

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ  نے بشریٰ بی بی کی مبینہ ڈائری سامنے آنے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈائری میں لکھا ہے عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ کو دباؤ میں لینا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ یہ معاملہ ’ارسلان بیٹا اسے غداری سے لنک کردو‘ سے شروع ہوا تھا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ایک جج کے خلاف بین الاقوامی مہم چلائی جا رہی ہے، برطانوی سوشل سیکیورٹی پر پلنے والے پاکستان سے لندن پہنچنے والوں سے بد تمیزی کرتے ہیں، کسی کو کہیں بھی زد و کوب کرنا زیادتی ہے، مریم اورنگزیب کے ساتھ بھی بیرون ملک بدسلوکی کی گئی، پانچ، پانچ گھنٹے ایئرپورٹ پر انتظار کرتے ہیں اور کسی کو بھی دیکھ کر نعرے لگاتے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ ایک جج کے خلاف بیرون ملک مہم چلائی جا رہی ہے؟ اس جج نے آپ سے آپ کی چوری پر سوال کیا، توشہ خانہ کے تحفوں کا پوچھا۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان سائفر کے معاملے میں وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں، سائفر سے متعلق سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کی گئی ہے، کیا سفیر کو کہا جاتا کہ ہم آپ کا تختہ الٹنا چاہتے ہیں؟

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سابق وزیراعظم منہ پر ہاتھ پھیر کر کہتے تھے اے سی (ایئر کنڈیشنر) اتار دوں گا۔