|

وقتِ اشاعت :   August 11 – 2023

استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کے صدرعبدالعلیم خان نے قومی اسمبلی کی تحلیل اورسیاسی صورتحال پراپنے ردعمل میں کہاہےکہ پانچ سال جھوٹے وعدوں اور طفل تسلیوں پرگزر گئے،دو حکومتیں کچھ نہیں کر سکیں۔ لوگوں کے حالات میں رتی برابر بہتری نہیں آ سکی۔ ساڑھے تین برس نام نہاد تبدیلی اورڈیڑھ سال دعوؤں کی نذرہوگئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بد قسمتی سے یہ اسمبلی عوامی توقعات پرپورا نہیں اتر سکی، مہنگائی بے قابو،عام آدمی پس کر رہ گیا، مسائل میں مزید اضافہ ہوا۔ روزمرہ کی اشیاء،بجلی کے بل اور پٹرول کی قیمتیں لوگوں کی پہنچ سے باہرہوچکیں۔

 

عبد العلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ وزرا اور ارکان اسمبلی بھی اس جانے والی اسمبلی سے ہرگز مطمئن نظر نہیں آئے،آبادی میں اضافہ اور وسائل میں کمی ہوئی، خرابی کی ذمہ داری سب کو لینا ہوگی۔

صدر آئی پی پی نے کہا کہ یوتھ کو سوالوں کے جواب نہ ملے تو ملک آگے نہیں چل سکے گا، صرف الیکشن مسائل کا حل نہیں، انتخابی عمل کو شفاف اور قابل قبول بنانا ہوگا۔ اقوام عالم میں پاکستان کا وقار بلند کرنا بڑا چیلنج، درست پالیسیاں بنانا ہونگی ۔