|

وقتِ اشاعت :   August 12 – 2023

شمالی نائیجیریا میں تاریخی مسجد کی چھت گرنے سے 7 نمازی جاں بحق ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ شمالی نائیجیریا کی ریاست کدونا کے شہر ثریا میں پیش آیا  جہاں جمعے کی نماز کیلئے سینکڑوں نمازی مسجد میں موجود تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مسجد 1830 میں تعمیر کی گئی تھی جہاں گزشتہ روز نمازی جمع تھے کہ اچانک مسجد کی چھت کا ایک ٹکڑا ٹوٹ کر گر گیا جس سے متعدد نمازی ملبے تلے دب گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریکسیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ملبے سے نمازیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے پہلے 4 لاشوں کو ملبے سے نکالا اور  پھر مزید3 لاشیں ملبے سے نکالیں جبکہ 23 افراد کو  علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب کدونا ریاست کے گورنر  اوبا ثانی نے اس واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے افسوسناک واقعے میں متاثرہ افراد کی مدد کا اعلان کیا ہے۔