|

وقتِ اشاعت :   August 19 – 2023

کوئٹہ: نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ پر امن ماحول میں صاف شفاف انتخابات کا انعقاد نگران حکومتوں کی اولین زمہ داری ہے،اپنے مینڈیٹ کے مطابق بلوچستان میں انتخابات کے انعقاد کے لئے پر امن اور سازگار ماحول کا قیام یقینی بنائیں گے،سیکورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے مستعد متحرک اور فعال کردار ادا کریں۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو امن امان کی صورتحال متعلق منعقدہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری بلو چستان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،آئی جی پولیس،ڈی آئی جی ایف سی،ڈی آئی جی پولیس،ڈی جی لیویز،انٹیلی جنس اداروں کے حکام اورڈویژنل کمشنروں ریجنل پولیس افسران نے بزریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس،ڈویژنل کمشنرز اور آر پی اوز نے امن امان،سیکورٹی چیلنجز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ آئینی تقاضے کے عین مطابق وفاق اور صوبوں میں نگران حکومتیں قائم ہو گئی ہیں پر امن ماحول میں صاف شفاف انتخابات کا انعقاد نگران حکومتوں کی اولین زمہ داری ہے پولیس لیویز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے انتخابات کے لئے پر امن ماحول کا قیام یقینی بنائیں۔ا

نہوں نے کہا کہ سیکورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے مستعد متحرک اور فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قانون نافذ کر نے والے اداروں کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن اور معلومات کے تبادلے کا موثر نظام قائم کیا جائے،پولیس اور لیویز دہشت گردی کے ساتھ ساتھ عمومی جرائم کے خاتمے کے زریعہ عوام میں احساس تحفظ پیدا کریں،قومی شاہراہوں کی سیکورٹی میں اضافہ کر کے مسافروں کو تحفظ فراہم کیا جائے، جیل اصلاحاتی عمل پر تیز رفتاری سے کام کرتے ہوئے حتمی شکل دی جائے۔نگران وزیراعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن اور اپنے اداروں کا احترام کرنے والے لوگ والے ہیں عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے

پولیس اور لیویز کی پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج پولیس لیویز اور ایف سی کی قربانیوں سے امن قائم ہوا ہے امن کے لئے دی جانے والی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے پولیس اور لیویز فورس کی مکمل سرپرستی کرتے ہوئے انکی ضروریات پوری کی جائینگی۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اداروں کے انتظامی امور میں میرٹ یقینی بنائیں گے اور کوئی غیر ضروری دباؤ نہیں آنے دینگے اپنے مینڈیٹ کے مطابق بلوچستان میں انتخابات کے انعقاد کے لئے پر امن اور سازگار ماحول کا قیام یقینی بنائیں گے۔