الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی ضمنی انتخات کےلیے تمام اضلاع میں پولنگ کا عمل پر امن طریقے سے جاری ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کی صوبائی اور مرکزی کنٹرول روم سےنگرانی کی جا رہی ہے، عوام بلا خوف و خطر ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشنز آئیں، عوام کسی بھی شکایت پرصوبائی،مرکزی کنٹرول روم سےرابطہ کریں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام سیکیورٹی ادارے اور انتظامیہ چوکس اور مستعد رہیں، پولنگ میں مداخلت، رکاوٹ ڈالنے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ شرپسند عناصر، بدامنی پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے 21 اضلاع میں 65 ولیج اورنیبرہُڈ کونسلوں کی متعدد خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق جن 21 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات ہوں گے ان میں پشاور،نوشہرہ، چارسدہ،خیبر،مردان،کوہاٹ، بنوں،لکی مروت ،ڈی آئی خان، ٹانک، ایبٹ آباد،ہری پور،مانسہرہ، بٹ گرام، تورغر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ،اپر دیر، لوئر دیر اورباجوڑ شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کےمطابق 3 لاکھ 85 ہزار8 سو 35 ووٹرزاپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ انتخابات کے لیے 256 پولنگ اسٹیشنزمیں سے 159 کو حساس ترین اور 84 کو حساس قراردیا گیا ہے۔