|

وقتِ اشاعت :   August 29 – 2023

عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے بلوائے نگران وفاقی کابینہ کے اجلاس میں عوام کو ریلیف نہ مل سکا، اجلاس بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف کی شرائط دیکھنے کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں کہا گیا تھا کہ آئی ایم ایف کی شرائط میں نرمی یا آئی ایم ایف سے ریلیف کی اجازت ملنے کی صورت میں ہی عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونے والےدوسرے اجلاس کے بعد وزارت توانائی کا کہنا تھا کہ تجاویز سے متعلق مشاورت مکمل کرلی گئی ہے جس کے بعد وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے حتمی اجلاس میں تجاویز پیش کی جائیں گی اور حتمی فیصلہ کابینہ اجلاس میں کیا جائے گا کیونکہ ان تجاویز اور فیصلوں کی منظوری کی مجاز صرف وفاقی کابینہ ہے۔

آج نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت عوام کو بجلی کے بلوں پر ریلیف دینے کیلئے بلوائے گئے تیسرے اور حتمی اجلاس میں بھی ریلیف سے متعلق کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔

اُدھر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف عوامی احتجاج شدت اختیار کرتا جا رہا ہے اور ملک کے کونے کونے میں لوگ سراپا احتجاج ہیں۔

آج بھی ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے اور بل جلائے گئے، سڑکیں بند کی گئیں جبکہ کہیں کہیں کاروبار بھی بند ہوا۔