|

وقتِ اشاعت :   September 3 – 2023

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کل عوام اور تاجر برادری کی جانب سے  پر امن ہڑتال کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

منصورہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ  کل عوام اور تاجر برادری نے پر امن ہڑتال کی، میں عوام ، تاجر برادری، وکلا، علماء اور  ٹرانسپورٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہڑتال نے حکومت کو پیغام دیا ہے کہ عوام سابق حکومتوں کے معاہدے تسلیم نہیں کرتے،اشرافیہ نے ان معاہدوں کا فائدہ اٹھایا، عوام کو نقصان ہوا، قوم کو ان مصنوعی معاہدوں کے ذریعے اندھیروں کی طرف دھکیل دیا گیا۔

 

سراج الحق نے مزید کہا کہ خبریں ہیں کہ حکومت 90 روپے فی یونٹ بجلی کرنا چاہتی ہے،افسوس ہے کہ نگراں وزیراعظم نے بجلی بلوں میں اضافے اور مہنگائی کو نان ایشو قرار دیا،حکومت عوام کے زخموں پر نمک پاشی کر رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مہنگی بجلی خریدنا حکومت کا جرم ہے ،عوام کیوں بھگت رہے ہیں؟،حکومت کا ملک پر کنٹرول ختم ہوگیا،معیشت کے تمام بریک فیل ہوگئے ، ہم کسی کو لوگوں کے میٹر اتارنے کی اجازت نہیں دیں گے، ہم جانتے ہیں کہ میٹر ریڈر کسی بڑے کے دروازے پر نہیں جائیں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کے غریبوں کا دفاع کرے گی،جس کا میٹر اتارا جائے وہ ہمیں اطلاع کرے،حکومت بلوں کے ذریعے لوٹ مار کر رہی ہے ،بجلی کے بلوں ، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔