|

وقتِ اشاعت :   September 6 – 2023

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) کو مضبوط اور مستحکم کر یں گے ، پارٹی صدر میاں شہباز شریف جلد ہی کوئٹہ کا دورہ کریں گے۔

اس دوران پارٹی میں الیکٹ ایبلز شامل ہوں گے، کارکن کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کریں ،مسلم لیگ(ن) کوئٹہ کے انتخابی معرکے کو فتح کریگی ۔

یہ بات انہوں نے منگل کو پارٹی کے سینئر رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں پارٹی کی آئندہ حکمت عملی ،کوئٹہ کے بلدیاتی اور عام انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر خطا ب کرتے ہوئے شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ ملک اور بلوچستان میں عوام کا رجحان مسلم لیگ(ن) کی طرف بڑھ رہا ہے۔

بلوچستان اور ملک میں عام انتخابات کے بعد مسلم لیگ(ن) اپنی حکومتیں بنائے گی ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی رہنماء اور کارکن کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کریں کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں سوئپ کر کے مسلم لیگ(ن) عام انتخابات میں جائے گی ۔

ہم پارٹی کو اسکی سابقہ پوزیشن پر لائیں اس بار مسلم لیگ(ن) پہلے کی نسبت زیادہ مضبوط اور مستحکم ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے پارٹی اچھے امیدواروں کو آگے لا ئے گی جو عوام کے حقیقی مسائل سے واقف اور انہیں حل کرنے کی سقط رکھتے ہونگے ۔شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ پارٹی صدر میاں شہباز شریف جلد ہی کوئٹہ کا دورہ کریں گے ان کے دورے کے موقع پر پارٹی میں متعدد الیکٹ ایبلز شمولیت اختیار کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ کارکن اپنی صفوں کو منظم کریں اور پارٹی پیغام گھر گھر پہنچانے کے لئے ان تھک محنت شروع کریں ۔