|

وقتِ اشاعت :   September 10 – 2023

کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ پارٹی نے ہمیشہ ذاتی اور گروہوں مفادات کو پس پشت ڈال کر اجتماعی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے بلوچستان کے لوگوں کے حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کیا ہے

اور کرتی رہے گی ماضی میں کرپشن کرنے والے کس منہ سے جماعت کی کردار کشی کررہے ہیں انہیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے

جن کے گھروں کی ٹینکیوں اور بیکریوں سے کروڑوں روپے برآمد ہوئے جو کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز کلی درمحمد دیبہ میں یونٹ سازی کے حوالے سے منعقدہ کارنر میٹنگ اور عوامی اجتماع سے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر و ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری ، مرکزی فنانس سیکرٹری سابق ایم اے اختر حسین لانگو،مرکزی لیبر سیکرٹری موسیٰ ، ملک محی الدین لہڑی، ڈاکٹر علی احمد قمبرانی، پرنس رزاق بلوچ، ماسٹر عبدالعلیم بے تاب، میر عبدالحئی کھیازئی، بہاول خان مینگل، محمد اسحاق لہڑی، ریحان بلوچ سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ بی این پی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہوکر بعض عناصر اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی خاطر عوام کا ہرگز سامنا نہیں کرسکتے ہمارا جینا مرنا لوگوں کے ساتھ ہے۔

اقتدار میں ہوں یا اپوزیشن میں ہر مشکل اور کٹھن وقت میں اپنے لوگوں کو کسی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔

الیکشن کے دوران تو پارٹیاں فعال ہوتی ہیں لیکن سخت اور مشکل حالات میں وہ اپنے آپ کو چھپاتے ہیں کیونکہ انہیں اقتدار، مراعات اور سیٹیں عزیز ہیں لوگوں کی فلاح و بہبود و ترقی خوشحالی سے انہیں کوئی سروکار نہیں ہے عوام کی یاد داشت اتنی کمزور نہیں کہ اقتدار کے دوران ٹینکیوں، بیکریوں سے رقم برآمد ہوئی

جس کرپشن کے ریکارڈ توڑ ے گئے اپنے عزیز و و اقارب کو نوازا گیا سیاسی کارکنوں کو ٹینکیوں و دیگرمراعات کی طرف راغب کرکے نیشنلزم کی سیاست پر بدنما داغ ڈالا گیا وہ عوام سے کسی طور پر پوشیدہ نہیں عوام انہیں کسی صورت معاف نہیں کریں گے ان کا احتساب کرکے انہیں مسترد کریں گے۔

بی این پی بلوچ قوم اور بلوچستان کے اجتماعی قومی مفادات کے تحفظ اور دفاع کا سیاسی جمہوری پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتی رہے گی کیونکہ جماعت نے ہمیشہ مشکل حالات میں بلوچستان کے حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لئے اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھایا ہے۔