کوئٹہ؛ نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مکمل طور پر بحالی امن اور حکومت کی رٹ برقرار رکھنے کے لئے تمام سیکورٹی ادارے پوری تندہی سے کام کررہے ہیں ۔
اور ہماری بھرپور کوشش ہے کہ عام الیکشن کے لئے سازگار ماحول قائم کیا جائے بلوچستان میں صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد صوبائی حکومت کا مینڈیٹ ہے انتخابات کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا کام ہے انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کی مکمل معاونت کریں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام سیاسی احوال میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ،پی ٹی وی کے اس پروگرام میں نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے نگران صوبائی حکومت کی ترجیحات ، درپیش مسائل اور حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سمیت ناراض بلوچوں سے بات چیت اور دیگر امور پر کھل کر تبادلہ خیال کیا ، نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا
کہ بلوچستان بجٹ کا لگ بھگ پچھہتر فیصد حصہ غیر ترقیاتی امور تنخواہوں ، پینشن اور دیگر اخراجات میں خرچ ہوجاتا ہے جبکہ پچیس فیصد ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص کیا جاتا اور اس ان پچیس فیصد میں بھی وسائل کا درست استعمال نہیں کیا جاتا جس کی وجہ سے عوام آج بھی تعلیم ، صحت اور پینے کے صاف پانی سمیت بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ایک سوال کے جواب میں نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ ہم تمام ناراض بلوچ رہنماؤں کو ایک بار پھر بات چیت کی دعوت دیتے ہیں۔
کہ وہ آئیں قومی دھارے میں شامل ہوں ہم ان کے لیے موثر پالیسی مرتب کرانے کے لئے تیار ہیں میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان میں اسمگلنگ کی موثر روک تھام کیلئے وفاقی حکومت کے تعاون سے بھرپور کارروائی کررہے ہیں جہاں تک اسمگلنگ سے روزگار کو منسوب کیا جاتا ہے تو یہ بات واضح ہے کہ اس میں ایک قلیل تعداد ایسے افراد کی ہے ۔
باقی ماندہ بڑے گروپ ہیں جو اسمگلنگ سے ارب پتی بنے ہیں اسمگلنگ کا تدارک ضروری ہے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں سرکاری نوکریاں بیچنے کی شکایات زبان عام پر رہی ہیں یہ صورتحال انتہائی غیر سنجیدگی ، خود غرضی اور لالچ پر مبنی رہی ہم نے آتے ہی دھڑا دھڑ بھرتیوں کے عمل کو روک دیا ۔
اور تمام انتظامی سیکرٹریزکو شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی لیکن اکثر محکمے اپنی کارروائی مکمل کر چکے تھے ہماری پوری کوشش ہے کہ بے ضابطگی نہ ہو اور حق دار کو اس کا حق ملے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کا اعلان ہوتے ہی تمام سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس بلا کر صاف و شفاف انتخابات کے لیے انعقاد کے لئے اعتماد میں لیں گے ۔
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہمارے پاس جتنا بھی وقت ہے عوامی خدمات کی فراہمی کے اداروں میں مثبت اصلاحات لانے کی کوشش کریں گے اور آئندہ آنے والی حکومت نے ان اصلاحات کا تسلسل قائم رکھا تو بہتر ہوگا ورنہ وہ خود عوام کو جوابدہ ہوں گے۔