|

وقتِ اشاعت :   September 27 – 2023

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت آنے والے عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

 جس میں انتخابات سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ صالح محمد ناصر، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ دوستین جمالدینی، سیکرٹری فنانس ذاہد سلیم، سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی بابر خان، صوبائی جوائنٹ الیکشن کمشنر و دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانا نگران حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور الیکشن کمیشن کی ہدایت پر انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کی ٹرانسفر پوسٹنگ کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ پولنگ اسٹیشنز کی بلڈنگز کی مرمت کویقینی بنایا جائیں اور اس سلسلے میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو چار دن میں رپورٹ مکمل کرکے پیش کریں۔

چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز غیر جانبداری سے فرائض کی انجام دہی کو یقینی بنائیں تاکہ صاف وشفاف انتخابات کا انعقاد ممکن ہو سکے۔ اس موقع پر صوبائی جوائنٹ الیکشن کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آج الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا کام شروع کیا ہے۔

اور حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست جلد شائع کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں انتخابات کیلئے پانج ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز میں سی سی ٹی وی کیمروں، آئی ٹی آلات کی دستیابی، تربیت شدہ عملے کی تعیناتی، ملٹی میڈیا پروجیکٹر کی فراہمی کو بھی ممکن بنایا جائے گا۔