کوئٹہ: نیشل سیکورٹی اینڈ وار کورس 24 کے شرکاء کو جمعرات کے روز یہاں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں حکومت بلوچستان کی جانب سے صوبے کی جغرافیائی، معاشی، سماجی صورتحال اور امن و امان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی شرکاء کو صوبے میں تعلیم، صحت، روزگار اور عوام کی فلاح و بہبود کے جاری اقدامات سے آگاہ کیا گیا ۔
اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی بھی موجود تھے چیف سیکرٹری بلوچستان قادر شکیل خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ صالح محمد ناصر سیکرٹری خزانہ زاہد سلیم نے وار کورس کے شرکاء کو بریفننگ میں بلوچستان کے جغرافیائی،معاشی حالات، تعلیم و صحت، بجٹ ترجیحات اور انفر اسٹریکچر پر اعداد و شمار کی روشنی میں تفصیلی طور پر آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا ۔
کہ بلوچستان اپنے منفرد بین الاقوامی حدود اربعہ کے لحاظ سے اہمیت کے حامل معاشی زون پر واقع ہے طویل ساحلی پٹی، معدنیات سے مالا مال یہ خطہ اپنی جیو پولیٹیکل اہمیت کے باعث پوری دنیا کی توجہ کا مرکز ہے وسیع رقبے پر بکھری آبادی میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے چیلنجز کے ساتھ ساتھ بیرونی اطراف سے بھی غیر معمولی چیلنجز کا سامنا ہے جس سے نبرد آزما ہونے کے لئے حکومت اور تمام سیکورٹی ادارے باہمی اشتراک اور رابطہ کاری سے اقدامات کو موثر بنا رہے ہیں۔
حکومت بلوچستان کے حکام نے مجموعی سماجی حالات کا احاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان کے عوام کئی دہائیوں سے متعدد مسائل کا سامنا کر رہے ہیں ان مسائل کی جڑیں خطے کی تاریخ، جغرافیہ اور سیاسی منظر نامے سے جڑی ہیں ان مسائل کے علاوہ بلوچستان کو ماحولیاتی چیلنجز جیسے صحرائی، خشک سالی اور موسمیاتی تبدیلیوں کا بھی سامنا ہے۔
یہ صوبہ قدرتی آفات کے حوالے سے بھی حساس نوعیت کا حامل ہے جس نے ماضی میں بڑے پیمانے پر نقصان اور نقل مکانی کو جنم دیا ہے شرکاء کو بتایا گیا کہ نگران حکومت کا وقت محدود ہے تاہم کوشش ہے کہ بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے واضح روڑ میپ کی تشکیل کرکے پائیدار ترقی کی سمت کا تعین کردیا جائے۔
نگراں صوبائی حکومت تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور بنیادی ڈھانچے پر توجہ دینے کے ساتھ خطے کی ترقی کو ترجیح دے رہی ہے قدرتی وسائل کے شعبے میں سرمایہ کاری سے معاشی مواقع اور مقامی آبادی کے لیے روزگار کے ذرائع پیدا ہو سکتے ہیں۔
اس لیے ان شعبوں پر خصوصی توجہ دی جاررہی ہے پروگرام کے اختتام پر نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے سیکورٹی اینڈ وار کورس 24 کے سربراہ میجر جنرل عامر نجم ہلال امتیاز ملٹری، میجر جنرل نعیم اختر، ائیر مارشل عمران سیف سمیت دیگر منتظمین کو سوئینئرز اور پاکستان سمیت مختلف ممالک سے آئے ہوئے کورس کے شرکاء کو روایتی بلوچی شال اور ٹوپی پیش کی۔