|

وقتِ اشاعت :   October 8 – 2023

حکومت پاکستان اور سیاسی قیادت کی جانب سے مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں فلسطین اسرائیل جنگ کی وجہ سے مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اسرائیل اور فلسطین کی کشیدگی پر نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ خراب صورتحال میں انسانی جانوں کے نقصان پر تشویش ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان نے مشرق وسطیٰ کے دیرپا امن کیلئے ہمیشہ 2ریاستی حل پر زور دیا،یہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ و او آئی سی قراردادوں کے مطابق جامع حل ہے۔

بیان کے مطابق 1967ء سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر فلسطینی ریاست قائم ہونی چاہئے،القدس الشریف ہی اس قابل عمل اور خودمختار فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہو۔

 ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کم کرانے کیلئے کردار ادا کرے،عام شہریوں کے تحفظ اور خطے میں مستقل امن کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔

 نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا فوری حل ناگزیر ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس( ٹویٹر )  پر ایک پیغام میں کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بگڑتی صورتحال پر دل افسردہ ہے، سویلین آبادی کے تحفظ اور تحمل سے کام لینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین ایک قابل عمل اور خود مختار ریاست ہے، فلسطین کی بنیاد انیس سو سڑسٹھ سے پہلے کی سرحدوں پر رکھی گئی ،جس کا دل القدس شریف ہے۔

سابق وزیراعظم شہبازشریف نےفلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے معصوم فلسطینیوں پر حملوں کی بھرپور مذمت کرتے کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا فوری حل کیا جانا چاہیے،دنیا کو یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ اس وقت پائیدار امن کی ضرورت ہے،معصوم فلسطینیوں کےخلاف ظلم بند ہونا چاہیے، اسرائیل فلسطینیوں کو حق خودارادیت سے محروم کررہا ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے  ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کی ہمدردیاں اوردعائیں فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں،طویل عرصے سے فلسطینی عوام ظلم اور بربریت کا سامنا کر رہے ہیں،عالمی طاقتیں فلسطینی عوام کی حمایت میں آواز بلند کریں۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جنگ کسی مسئلےکاحل نہیں،تنازعات بات چیت سےحل ہوسکتے ہیں،عالمی برادری فلسطین،اسرائیل کشیدگی کم کرانےکیلئےکردار ادا کرے۔
 راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ خطے میں پائیدار قیام امن کیلئےمسئلہ فلسطین کا مستقل حل ناگزیر ہے، پاکستان نے ہمیشہ فلسطینی عوام کےحق خودارادیت کی حمایت کی ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حماس کے اسرائیل پرحملوں پرردعمل میں مجاہدین فلسطین کی اسرائیل کیخلاف کارروائیوں کی حمایت کا اعلان کیا۔

انہوںنے کہا کہ اسرائیل کیخلاف کامیاب کارروائی پر مبارک باد پیش کرتے ہیں، فلسطینی عوام ایک عرصے سے اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں،مسجد اقصیٰ کی حفاظت کیلئے جدوجہد پر فلسطینیوں کو امت مسلمہ سلام پیش کرتی ہے،عالم اسلام اس مشکل گھڑی میں فلسطینیوں کا ساتھ دے۔

واضح رہےکہ اسرائیلی مظالم، طویل محاصرے اور مسجد الاقصیٰ کی بار بار بے حرمتی کے خلاف فلسطینیوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا، غزہ کی پٹی سے اسرائیلی کے خلاف شدید رد عمل سامنے آگیا، حماس نے اعلان جنگ کردیا۔ زمینی، سمندر اور راکٹ حملوں میں 100 یہودی ہلاک ہوگئے اور درجنوں زخمی ہوگئے، درجنوں افراد کو یرغمال بنالیا گیا۔ اسرائیلی بربریت میں 200 فلسطینی شہید اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوگئے۔