کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی۔
جیو نیوز سے گفتگو میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فارق ستار نے کہا کہ پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے اس پر اچھے لوگوں کی ٹیم بناناضروری ہے، ملک میں مشترکہ قومی ایجنڈےکی ضرورت ہے اور مفتاح اسماعیل سے ملاقات میں اسی قومی ایجنڈے پر بات ہوئی۔
فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کو اپنائیں گے، بنائیں گے ، بچائیں گے تو سمجھیں پاکستان کو بنایا، بچایا اور اپنایا اور اس حوالے سے مفتاح اسماعیل کا معاشی ویژن بہت وسیع ہے۔
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل کو ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کی دعوت دے دی ہے جس کے جواب میں مفتاح نے سوچ کر جواب دینے کا کہا ہے۔
ذرائع کے مطابق فاروق ستار اور مفتاح اسماعیل کی ملاقات دو روز قبل مفتاح اسماعیل کی رہائش گاہ پر ہوئی تھی۔