|

وقتِ اشاعت :   November 2 – 2023

چین نے نومبر کےلئے سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے کے بعد اعلان کیا ہے کہ اس مدت کے دوران اسرائیل فلسطین تنازع کا تصفیہ چین اور پوری سلامتی کونسل کی اولین ترجیح ہو گا۔

عالمی رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں چین کے سفیر ژانگ جن نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ ہماری صدارت کی مدت کے دوران پوری سلامتی کونسل کی اولین ترجیح غزہ کے تنازع کو حل کرنا ہو گی۔

 

رپورٹ کے مطابق چین کے سفیر ژانگ جن نے کہا کہ یہ مسئلہ گزشتہ چند ہفتوں سے کونسل کی توجہ کا مرکز ہے اوربحیثیت صدر کونسل کی دیگر ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ چینی صدارت کی توجہ کا مرکز بھی رہے ۔ چینی سفارت کار نے کہا کہ افغانستان، بوسنیا اور ہرزیگوینا، لیبیا اور صومالیہ پر پابندیوں میں توسیع کا معاملہ بھی سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل ہوگا۔

ژانگ جن نے کہا کہ ہم یوکرین کی صورتحال پر بھی توجہ دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کام کو نہ صرف پہلے سے طے شدہ نظام الاوقات کی بنیاد پر کرے گا بلکہ بین الاقوامی صورتحال کو بھی مد نظر رکھے گا۔