|

وقتِ اشاعت :   November 10 – 2023

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت 14 نومبر تک ملتوی ہو گئی۔

جمعہ کے روز راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سائفر ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت کی جبکہ اس دوران وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) کے پراسیکیوٹرز عدالت میں پیش ہوئے۔

تاہم، وکلائے صفائی کی عدم حاضری کے باعث گواہوں کے بیان قلمبند نہ ہو سکے اور سماعت 14 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔

عدالت کی جانب سے آئندہ سماعت پر مزید تین گواہوں کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

پراسیکیوٹر ایف آئی اے ذوالفقار عباس نقوی  کے مطابق وکلائے صفائی نے درخواست کی ہے کہ وہ اسموگ کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے جس کے باعث سماعت کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔

پراسیکیوٹر شاہ خاور کے مطابق مجموعی طور پر 28 گواہ ہیں اور آئندہ سماعت پر 6 گواہوں کے بیان ریکارڈ کیے جائیں گے۔