|

وقتِ اشاعت :   November 10 – 2023

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے شیخ رشید اور راشد شفیق کی مزید 4مقدمات میں عبوری ضمانتیں ذاتی مچلکوں پر منظور کرلیں۔

شیخ رشید اور راشد شفیق اپنے وکیل سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزمان نے تھانہ جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس ٹیکسلا واہ کینٹ اور صدر کینٹ میں درج مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کی استدعا کی۔

شیخ رشید احمد کے وکیل سردار عبدالرازق نے کہا کہ شیخ رشید کے خلاف سیاسی انتقام ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ دونوں کے نام ان گنت مقدمات میں شامل کئے گئے ہیں۔ ہر روز نئے مقدمے کی خبر ملتی ہے۔

جج ملک اعجاز آصف  نے شیخ رشید سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ شیخ صاحب لگتا ہے آپ کا چلہ الٹا پڑ گیا ہے۔ شیخ رشید احمد نے مؤقف اختیار کیا کہ میرے خلاف سابقہ کوئی مقدمہ نہیں تمام مقدمات چلے کے بعد کے ہیں۔

عدالت نے شیخ رشید اور شیخ راشد شفیق کی عبوری ضمانت اٹھارہ نومبر تک منظور کرلی،تمام درخواستیں یکجا کردیں۔ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو 9 مئی کے 13 مقدمات میں ملزم نامزد کر دیا گیا۔