|

وقتِ اشاعت :   November 15 – 2023

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکٹر نے کہا ہے کہ مغربی میڈیا اسرائیلی مظالم کا دفاع کررہا ہے۔

اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ غزہ میں بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام کا کوئی جواز نہیں ہے۔ مغربی میڈیا اسرائیلی مظالم کا دفاع کررہا ہے۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی امن میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ مغربی سرحد پر ہمیں چیلنجز کا سامنا ہے۔ مسئلہ کشمیر کو کتنا طول دیں گے آخر میں اس کا حل نکالنا ہوگا۔مسئلہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔ بھارت کے ساتھ پاکستان کے مفادات کو مد نظر رکھ کر اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ پاکستان میں ہندو اور سکھوں کی بڑی تعداد موجود ہے ہم سب مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی نظریں تجارت بڑھانے کے لیے مشرق پر ہیں۔ رواں دور میں تجارت اور راہداریوں سے ترقی کو فروغ ملے گا۔ہمارے پاس وسط ایشیا سے منسلک ہونے کے بہت سے مواقع ہیں۔ ترقی کے لیے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے۔