|

وقتِ اشاعت :   November 24 – 2023

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللّٰہ بن حمید نے ملاقات اسلام آباد میں ملاقات کی۔ 

ملاقات میں نگراں وزراء انیق احمد، مدد علی سندھی اور وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی طاہر اشرفی بھی شریک تھے جبکہ اعلیٰ حکام اور سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 

نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی ہے۔ 

نگراں وزیراعظم نے پاکستان میں تعلیم و صحت کے شعبے میں ترقی کیلئے سعودی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ 

ملاقات میں نگراں وزیراعظم نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر ظلم اور بچوں کے قتلِ عام کی شدید مذمت کی اور فلسطینیوں کیساتھ بھرپور اظہار یکجہتی اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ 

نگراں وزیراعظم نے غزہ میں امدادی سامان پہنچانے کیلئے فوری طور پر راہداری کے قیام پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے خبر ایجنسی کا قیام خوش آئند ہے۔ 

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امام کعبہ نے پاکستانی افرادی قوت کی سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی میں کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مثالی قرار دیا۔

امام کعبہ نے اپنے دورے میں پاکستان کی جانب سے شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔