|

وقتِ اشاعت :   December 3 – 2023

بارسلونا میں اوور سیز پاکستانی گلوبل فاؤنڈیشن کے وفد کی جانب سے پاکستان کے حالیہ مسائل اور ان کے حل کے لیے پاک فوج کی کاوشوں سے متعلق خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف بزنس مین اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران پاکستان کے حالیہ مسائل اور ان کے حل کے لیے پاک فوج کی کاوشوں پر خصوصی بحث و مباحثہ ہوا، شرکاء نے ملکی معیشت کی بحالی کے لیے آرمی چیف کے اقدامات کو خوب سراہا اور پاکستان اور پاک فوج زندہ آباد کے نعرے بلند کیے۔

تقریب میں شرکاء نے پاکستان کی موجودہ ترقی اور استحکام کی وجہ آرمی چیف کے مثبت اور مؤثر اقدامات کو قرار دیا۔

ایس آئی ایف سی کے ذریعے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے مواقعوں کی فراہمی پر بھی اوور سیز پاکستانیوں نے آرمی چیف کو داد پیش کی۔

یاد رہے کہ اوورسیز پاکستان گلوبل فاؤنڈیشن ایک غیر سیاسی اور غیر منافع بخش تنظیم ہے جو معاشرے کی بہتری اور سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتی ہے اور اپنے مادر وطن سے دور رہنے والے ہمارے پیارے ملک کے ساتھیوں کو درپیش مقامی اور بین الاقوامی مسائل کے حل کے لیے کام کرتی ہے۔

اوور سیز پاکستانی گلوبل فاؤنڈیشن پوری دنیا کے مختلف ممالک میں انتہائی قابل اور سرشار نمائندوں کے نیٹ ورک کے ساتھ قائم ہے۔

تقریب میں شریک ایک اوورسیز کا کہنا تھا کہ میں اپنی پاک فوج اور شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں، اوور سیز پاکستانی سیاست کا نہیں بلکہ ریاست کا اثاثہ ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنے شہداء کو بھول جاتی ہیں ان کا نام و نشان دنیا سے مٹ جاتا ہے، یہ جو محفوظ دھرتی ہے، اس کے پیچھے وردی ہے۔