پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے بنائے گئے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے رولز کے تحت الیکشن کروا دیے، پارٹی بلے کے نشان پر ہی الیکشن لڑے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے نیاز اللہ نیازی کا کہنا تھا ہمیں 20 دن دیے گئے کہ دوسرا الیکشن کریں، ہم نے رولز کے تحت الیکشن کروا دیے، پوری امید ہے کہ پی ٹی آئی بلے کے نشان پر ہی عام انتخابات میں حصہ لے گی۔
ان کا کہنا تھا رولز کے مطابق ریٹرننگ افسر نے مجھے ون پینل لسٹیں دیں، پارٹی نے کسی کو منع نہیں کیا تھا کہ الیکشن میں حصہ نہیں لینا، ہمارے پاس ان نشستوں کے لیے کسی اورامیدوار نے کاغذات نہیں جمع کیے۔
چیف الیکشن کمشنر پی ٹی آئی کا کہنا تھا ایس اکبربابر پارٹی کے ممبر ہیں اور لسٹ میں تھے، ایس اکبر بابرصرف ویڈیو بنانے کے لیے آئےکہ لوگوں کو بتاؤں الیکشن ہو رہا ہے، وہ منصوبہ بندی کے تحت پی ٹی آئی الیکشن کو سبوتاژ کرنا چاہتے تھے۔
ان کا کہنا تھا اکبر ایس بابر نے ایسے ہی ہائپ بنائی کہ ایسے انٹرا پارٹی انتخابات ہو رہے ہیں، ان کے بیان کو مسترد کرتا ہوں، میں الیکشن کمشنر تھا میرے پاس آتے تو یقین کریں میں ان کا فیصلہ کرتا۔
نیاز اللہ نیازی کا مزید کہنا تھا اگلے ہفتے میں عام انتخابات کے لیے شیڈول آرہا ہے، تحریک انصاف کو کسی نہ کسی طریقے سے ان مراحل سے آؤٹ کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ روز انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد کیا جس میں پشاور سے تعلق رکھنے والے بیرسٹر گوہر علی خان کو عمران خان کی جگہ پارٹی کا چیئرمین منتخب کیا گیا جبکہ عمر ایوب مرکزی جنرل سیکرٹری ہوں گے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے انٹرا پارٹی الیکشن کو چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن الیکشن کمیشن اور پارٹی کے آئین کے بھی خلاف ہیں۔