|

وقتِ اشاعت :   December 8 – 2023

نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ملک میں جوحالات ہیں وہ سیاسی قیادت کے لیے چیلنج ہے ، جمیعت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے خصوصی تھریٹس بھی موصول ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف آپریشن جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک  4 لاکھ 82 ہزار سے زائد افراد واپس جا چکے ہیں جبکہ 90 فیصد افراد رضا کارانہ طور پر واپس ہوئے ہیں۔

نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ واپسی کے حوالے سے کسی کے ساتھ زبردستی نہیں ہوئی، خواتین سے ہراسگی کا کوئی ایک کیس سامنے نہیں آیا ، جن کے پاس مہاجرین اسٹیٹس ہے وہ سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے ، مہاجرین کا اسٹیٹس رکھنے والوں کا پاکستانی سیاست سے تعلق نہیں۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ 10 کے قریب لوگوں کی سیاست میں شمولیت سامنے آئی ہے ، ان 10 لوگوں کو ہم فوری پاکستان سے ڈی پورٹ کر رہے ہیں ، پاکستان میں سیاست کا حق صرف پاکستانیوں کو ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فورسز بڑی مشکل سے کچے میں آپریشنز کر رہی ہیں ، کے پی میں بھی فورسز کو دہشتگردی کا سامنا ہے ، الیکشن کمیشن کی سیکیورٹی کے حوالے سے ضروریات پوری کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی قیادت کو خطرات ضرور ہیں ، خصوصی تھریٹس مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے موصول ہوئے ہیں، غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے بارڈرز پر سختی کر دی ہے۔