|

وقتِ اشاعت :   December 12 – 2023

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ

بلوچستان میں اتحادیوں کے بغیر حکومت سازی ممکن نہیں ہے مسلم لیگ(ن) اتحادی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلے گی ، صوبائی سطح پر اتحادیوں سے سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور اتحاد کے لئے چار رکنی کمیٹی قائم کردی ہے، مسلم لیگ(ن) ملک و بلوچستان کی مقبول ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے آئندہ عام انتخابات میں بھاری مینڈیٹ حاصل کریں گے ۔

یہ بات انہوں نے پیر کو اپنے دفتر میں پارٹی رہنمائوں کے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان اور ملک بھر میں مسلم لیگ(ن) کی مقبولیت میں میاں نواز شریف کی آمد کے بعد یکا یک اضافہ ہوا ہے صوبے میں بڑی تعداد میں الیکٹ ایبلز کی شمولیت نے پارٹی کو تقویت بخشی ہے

اور یہ اس بات کا مظہر ہے کہ بلوچستان کے عوام اور یہاں کے نمائندوں کا اعتمادمسلم لیگ(ن) پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام رہنمائوں اور کارکنوں کی جدوجہد سے آج بلوچستان مسلم لیگ(ن) کا گہوارہ بن چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سطح پر اتحادی جماعتوں کے ساتھ ملکر سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے اور بھاری مینڈیٹ سے کامیابی کے بعد صوبے میں حکومت بنائیں گے ۔

دریں اثناء مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے جوائنٹ سیکرٹری عبدالوہاب اٹل کے مطابق صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں اتحادی جماعتوں سے مذاکرات کے لئے سابق سینیٹر سعید الحسن مندوخیل، صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ ، سابق اسپیکر راحیلہ حمید خان درانی ، ملک ظاہر کاکڑ پر مشتمل چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے کمیٹی صوبائی سطح پر اتحادی جماعتوں سے مذاکرات اور معاملات کو حتمی شکل دینے میں کردار ادا کریگی ۔