|

وقتِ اشاعت :   December 12 – 2023

کھیلوں کی مصنوعات بنانے والی مشہور جرمن کمپنی پوما نے اسرائیل کی فٹبال ٹیم کے لیے کٹ بنانے کی اسپانسرشپ ڈیل ختم کردی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کا کہنا ہے کہ انہوں نے فیصلہ غزہ پر اسرائیلی کارروائیوں کی وجہ سے نہیں کیا بلکہ 2022 کے اختتام پر حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ اگلے سال سے پوما اسرائیلی ٹیم کے لیے کٹ نہیں بنائے گا۔

پوما کی ترجمان نے بیان میں کہا کہ دونوں بڑی ٹیموں کے ساتھ معاہدے ہوئے ہیں جن کا اعلان اس سال اور 2024 میں کیا جائے گا کیونکہ اسرائیل اور سربیا جیسی ٹیموں کے ساتھ معاہدے 2024 میں ختم ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلے 2022 میں ٹیم جرسی کے ڈیزائن اور بہتری کے تناظر میں لیے گئے ہیں۔

یاد ہے کہ پوما نے اسرائیل کی نیشنل فٹبال ٹیم کے لیے جرسی بنانے کا معاہدہ کیا تھا جس پر کمپنی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور کمپنی کے مصنوعات کے بائیکاٹ کی باقاعدہ مہم بھی چلائی گئی تھی۔

بائیکاٹ مہم چلانے والوں نے پوما پر اس معاہدے کے ذریعے مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کی حمایت کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

غزہ پر 7 اکتوبر سے اسرائیل کی جانب سے بمباری کے بعد اسرائیلی مصنوعات کے ساتھ ساتھ اسرائیل کی حامی کمپنیوں کی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم بھی زوروں پر ہے اور اسلامی ممالک میں بڑے اسلامی برانڈز کو ان بائیکاٹ کی وجہ سے معاشی طور پر شدید دھچکا لگا ہے۔

گوکہ پوما نے اس معاہدے کے خاتمے کی وجہ اسرائیل کی غزہ پر بمباری کو قرار نہیں دیا لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی بائیکاٹ مہم کے پیش نظر ہی کمپنی نے بھی اسرائیلی ٹیم کے لیے مصنوعات نہ بنانے کا فیصلہ کیا ہو۔