|

وقتِ اشاعت :   December 24 – 2023

عام انتخابات 2024 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن ہے اور اب تک سینکڑوں امیدوار جمع کروا چکے ہیں۔

الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد سیاسی جماعتوں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی تاریخ میں توسیع کا مسلسل مطالبہ کیا جا رہا تھا جس کے بعد 22 دسمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے تاریخ میں دو روز کی توسیع کی تھی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی عمل کے پہلے مرحلے میں کی جانے والی دو روزہ توسیع کی مدت آج اختتام پزیر ہوگی۔

الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد سے اب تک ملک کے نامور سیاستدانوں سمیت سینکڑوں سیاسی و سماجی کارکن اور آزاد امیدوار بھی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا چکے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سابق چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان ، مسلم لیگ ( ن ) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف، پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے شریک چیئرمین آصف زرداری، مسلم لیگ ( ن ) کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو ، استحکام پاکستان ( آئی پی پی ) کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین اور صدر عبدالعلیم خان ، پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ، مسلم لیگ ( ن ) کی چیف آرگنائزر مریم نواز، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سمیت دیگر کئی قد آور سیاسی شخصیات کے کاغذات جمع ہوچکے ہیں۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی لاہور کے حلقہ این اے 122 اور میانوالی کے حلقہ این اے 89 سے میدان میں اتریں گے جبکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف صوبائی دارالحکومت کے حلقہ این اے 130 سے انتخاب لڑیں گے، شہباز شریف نے این اے 123 لاہور اور این اے 242 کراچی سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ بلاول بھٹو نے بھی لاہور سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کے این اے 128 سے کاغذات جمع ہوئے ہیں۔

آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان این اے 147 خانیوال سے میدان میں اتریں گے جبکہ مریم نواز قومی اسمبلی کے حلقہ 119 میں قسمت آزمائیں گی، یوسف رضا گیلانی این اے 148 ملتان، چوہدری پرویز الہٰی این اے 59 تلہ گنگ ، سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان راولپنڈی کے حلقہ این اے 53 اور 54  سے حصہ لیں گے۔