|

وقتِ اشاعت :   December 25 – 2023

زیارت: نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی دور اندیش قیادت ،

انتھک محنت اور مسلسل جد و جہد کے باعث 14 اگست 1947 کو ہم ایک آزاد مسلم ریاست حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ یہ ملک ہمیں بے شمار قربانیوں کے بعد نصیب ہوا ہے اس جدوجہد آزادی میں قائد اعظم محمد علی جناح کی سحر انگیز قیادت،

ویژن اور ہمارے آباو اجداد کی بے مثال خدمات تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی گئی ہیں۔ مسلمانان برصغیر کیلئے ایک جدا گانہ وطن قائد اعظم محمد علی جناح کی زندگی کا اصل مقصد تھا۔ جس کیلئے انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے سکون و آرام اور برطانیہ کی عیش و عشرت کو خیر باد کیا اور برصغیر کی طرف عازم سفر ہوئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں قائد ڈے کے حوالے سے

قائد اعظم ریزیڈنسی زیارت میں منعقدہ پرچم کشائی کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں نگراں صوبائی وزراء ، اعلیٰ سول و فوجی حکام، قبائلی عمائدین، سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں کے بچوں نے شرکت کی

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خاص نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی ہر ممکن کوشش ہے کہ پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے بلوچستان کو امن اور ترقی کی راہ پر گامزن کرکے

عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے دنیا کی معروف اور منفر د گوادر پورٹ ، سینڈک اور ریکوڈک سمیت لا تعداد معد نیات کے ذخائر سرز مین بلوچستان میں پائے جاتے ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سمیت ڈیموں اور شاہراہوں کی تعمیر

اور دیگر اہم منصوبوں پر ترجیح بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے صوبے کی ترقی اور اس جانب توجہ مبذول کرانے کے حوالے سے پاک فوج اور فرنٹیر کور بلوچستان کا کردار نہایت ہی اہم رہا ہے تعلیم، صحت، سپورٹس فیسٹیول سمیت سیلاب میں مدد و دیگر قدرتی آفات میں پاک فوج اور فرنٹئیر کور بلوچستان نے ہمیشہ اپنا اہم کردار ادا کیا ہے نگراں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی محرومی کی

ایک اہم وجہ ناکافی ترقیاتی سرمایہ کاری ہے۔ موجودہ نگران حکومت نیبلوچستان کے عوام کی مدد کیلئے مثبت اقدامات اٹھائے ہیں بلوچستان صحت کارڈ کا اجراء یہاں کے لوگوں کے لیے ایک تحفہ ہے۔ اسی طرح بلوچستان میں تعلیم ، صحت اور ترقیاتی کاموں پر بھر پور توجہ دینے کے لئے

اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اقتصادی راہداری کی بدولت نہ صرف گوادر اور بلوچستان سمیت بلکہ پورے خطے میں تجارتی اور معاشی سرگرمیاں بام عروج پر پہنچ جائیں گی بلکہ سی پیک پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت بھی ہے۔ پاک چین دوستی کے مظہر اس منصوبے کو ہر حال میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ موجودہ حکومت نے بلوچستان کی تعمیر وترقی کے اہداف کے حصول کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

تمام جاری ترقیاتی اسکیموں کو مکمل کیا جارہا ہے۔ سول انتظامیہ کولوگوں کے لیے آسانی پیدا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صوبائی حکومت پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کے تعاون سے عوام کو زندگی کی بنیادی ضروریات مہیا کرنے کیلئے موجودہ وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے انہوں نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں ملکی سطح پر وفاقی حکومت اور ملٹری لیڈرشپ کے مکمل اشتراک سے کچھ اہم فیصلے لئے گئے ہیں

جیسے کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کا پاکستان سے انخلاء￿ ، تمام بین الاقوامی کراسنگ پوائنٹ پر ایک دستاویزی نظام کا نافذ ، انسداد اسمگلنگ منشیات کے لئے موثر کاروائیاں اور معاشی ترقی کے لئے دیگر اقدامات شامل ہیں۔ صوبہ بلوچستان کی سطح پر ان تمام فیصلوں پر من وعن عمل جاری ہے۔ میں پاک فوج ، ایف سی بلوچستان کسٹمز اور سول انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے منشیات فروشوں اور اسمگلرز کے خلاف موثر کاروائیاں کیں۔ انہوں نے کہا کہ

بہترین باڈر مینجمنٹ ایک دستاویزی نظام کے نفاذ سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں پر گرفت مضبوط ہوگی۔ غیر قانونی غیر ملکیوں کے انخلاء سے پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ وفاقی حکومت کے ان تمام فیصلوں کو صوبائی سطح پر نافذ کیا جارہا ہے نگراں وزیر میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ ہم امن دشمن عناصر اور انکے سرکردہ مفرور رہنماؤں کو پیغام دیتے ہیں کہ

وہ ہتھیار پھینکیں اور

ریاست کے سامنے خود کو سرنڈر کریں یہ بات واضح ہے کہ لاکھ بْرے حربے بھی پاکستان اور بلوچستان کو کمزور نہیں کر پائیں گے ریاست اور دہشت گردوں کے درمیان ہماری بہادر افواج ایک سیسہ پلائی دیوار کی مانند پہلے سے بھی زیادہ مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہیں۔ دہشت گرد کبھی بھی اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے

نگراں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن ہمیں انتھک محنت لگن اور وطن عزیز کے لئے خود کو وقف کرنے کا درس دیتا ہے یمیں یہ عہد کرنا ہے کہ آپس کے گروہی اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کے ساتھ پیار، محبت اور بھلائی کرنے کے علاوہ اپنے پیارے وطن پاکستان کی تعمیر وترقی، خوشحالی اور استحکام کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ قبل ازیں قائد ریزیڈنسی زیارت پہنچنے

پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کو سلامی دی اور گارڈ آف آرنر پیش کیا نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے قائد اعظم ریزیڈنسی زیارت میں پرچم کشائی بھی کی ، تقریب میں آمد پر بچوں نے مہمان خصوصی کو پھول پیش کئے ، تقریب میں اسکول کے بچوں نے ٹیبلو پیش کئے جبکہ پروگرام کی مناسبت سے بلوچستان کے لوک گلوکار اختر چنال نے اپنی ٹیم کے ہمراہ روایتی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔