|

وقتِ اشاعت :   December 29 – 2023

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا کراچی پانی سے محروم ہے۔

کراچی میں مسلم لیگ ن کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ٹینکر مافیا کا بھی شہر سے خاتمہ کیا جائے گا، کراچی روشنیوں کا شہر ہے، اس کی اپنی تاریخ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کروڑوں لوگ کراچی میں محنت کرتے ہیں، اربوں ڈالر کمائے جاتے ہیں، کراچی پاکستان کا گیٹ وے کہلاتا ہے، یہاں سے لاکھوں لوگوں کو روزگار ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے صنعت کار، تاجر اور سرمایہ کار حلال کی کمائی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ کراچی میں بھتا خوری ہوتی تھی اور پرچی سسٹم چلتا تھا، عظیم صنعت کار اس شہر کو خدا حافظ کہہ رہے تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 1993ء میں کراچی کا امن تباہ ہوچکا تھا، نواز شریف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر بے امنی کو ختم کیا، یہ سنہری کارنامہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھتا خوری اور پرچی سسٹم ختم ہوگیا، روزگار اور کاروبار کا پہیہ تیزی سے گھومنا شروع ہوگیا، شہر میں پانی مہیا کرنے کے منصوبوں کے لیے اربوں روپے مہیا کیے، دھاندلی کے ذریعے نواز شریف کا اقتدار نہ چھینا جاتا تو کراچی حیدرآباد موٹروے منصوبہ مکمل ہوجاتا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ن لیگ نواز شریف کی قیادت میں الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، ہمارا منشور پوری قوم کے سامنے آنے والا ہے، سب سے پہلے ہم نے نوجوانوں کو ہنر دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے، ہمارا بے روزگاری میں کمی لانے کا پروگرام قوم کے سامنے آئے گا۔