عام انتخابات 2024 کے لئے کاغذات نامزدگی سے متعلق اپیلیں آج سے جمع ہوں گی جو کہ تین جنوری تک دائر کی جاسکیں گی۔
الیکشن 2024 کے دوسرے مرحلے میں سکروٹنی کے دوران ریٹرننگ آفیسرز کی جانب سے جن امیدواروں کے کاغذات مسترد کیے گئے وہ اپیلیٹ ٹریبونل سے رجوع کر سکتے ہیں جبکہ اس حوالے سے اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ آج سے شروع ہوگا جو کہ تین جنوری تک جاری رہے گا۔
الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے لئے 24 اپیلٹ ٹریبیونلز کا نوٹیفیکشن جاری کیا ہے جس کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے 9 ججز بطور اپیلٹ ٹریبونل فرائض سرانجام دیں گے۔
4 ججز لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ پر بطور ایپلٹ ٹریبونل فرائض سرانجام دیں گے جبکہ ملتان اور راولپنڈی بینچز پر دو 2 ججز اور بہاولپور بنچ پر ایک جج بطور ایپلٹ ٹریبونل فرائض سرانجام دے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کے 5 جج ٹریبونل کے جج کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔
پشاور ہائیکورٹ کے لئے جسٹس شکیل احمد کو الیکشن ٹریبونل جج مقرر کیا گیا جبکہ جسٹس نعیم انور ہائیکورٹ مینگورہ بنچ میں سماعت کریں گے اور جسٹس کامران حیات میاں خیل ہائیکورٹ ایبٹ آباد بنچ کیلئے الیکشن ٹریبونل کے جج ہیں۔
جسٹس محمد فہیم ولی ہائیکورٹ ڈی آئی خان بنچ سے اپیلوں کی سماعت کریں گے جبکہ جسٹس فضل سبحان ہائیکورٹ بنوں بنچ کے لئے الیکشن ٹریبونل کے جج مقرر کئے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس طارق محمود جہانگیری کو الیکشن ٹریبونل جج مقرر کیا گیا ہے۔
کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف دائر کی جانے والی اپیلوں کو 10 جنوری تک نمٹایا جائے گا۔