|

وقتِ اشاعت :   January 4 – 2024

امریکا میں مسجد کے باہر امام کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست نیو جرسی میں پیش آیا جہاں محمد مسجد سے باہر نکلتے وقت مسجد کے پیش امام حسن شریف کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔

واقعے پر ریاست کے اٹارنی جنرل نے کہا کہ امام حسن شریف کو متعدد گولیاں لگیں جس پر انہیں فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا لیکن بدقسمتی سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ اسپتال میں چل بسے۔

 اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کی جارہی ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کرلیے گئے ہیں۔

اٹارنی جنرل نے مزید کہا کہ امام کو قتل کرنے کا مقصد تو فی الحال معلوم نہیں ہوسکا تاہم ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ کسی تعصب یا دہشگردی کا واقعہ نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ کی وجہ سے امریکا میں کمیونیٹیز کے درمیان تعصب، اسلامو فوبیا اور یہود مخالف واقعات رونما ہوئے ہیں جب کہ  اس ریاست میں 3 لاکھ سے زائد مسلمان آباد ہیں۔