|

وقتِ اشاعت :   January 6 – 2024

الیکشن ٹریبونل نے این اے 243 سے پی ٹی آئی امیدوار سبحان ساحل اور این اے 242 سے پی ٹی آئی امیدوار امجد آفریدی کی اپیل منظور کر لی۔

آر او کے فیصلوں کے خلاف الیکشن ٹریبونل میں امیدواروں کی اپیلوں پر سماعت ہوئی۔

پی ایس 113 سے پی ٹی آئی کے امیدوار حسنین چوہان کی اپیل بھی منطور کی گئی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے رؤف احمد کی بھی ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کی گئی ہے۔

الیکشن ٹریبونل نے آزاد امیدوار رفیعہ حسن کو پی ایس 126 سے اور این اے 237 سے آزاد امیدوار فیضان ذیشان کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

سماعت کے دوران جسٹس عدنان الکریم میمن نے کہا کہ کیا جان بوجھ کر امیدواروں کو انتخابات لڑنے سے روکا جا رہا ہے؟ ایسا لگ رہا ہے ریٹرننگ افسر نے شوقیہ کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔

جسٹس عدنان الکریم میمن نے کہا کہ مقدمات کی بنیاد پر کسی کو انتخابات لڑنے سے نہیں روکا جاسکتا، جب ریٹرننگ افسر دور بین لگا کرحقائق کی ٹھیک نشاندہی نہیں کر سکے تو ہم کیسے کریں؟

جسٹس عدنان الکریم نے امیدواروں اور وکلا سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جاؤ بابا، جا کر الیکشن لڑنے کی تیاری کرو۔