پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیل خارج کر دی گئی ہے جبکہ انہوں نے فیصلے کے خلاف اپیل کا اعلان کیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کی جانب سے لاہور کے حلقہ این اے 129 سے کاغذات مسترد کرنے کے خلاف اپیل دائر کی گئی تھی جسے ایپلیٹ ٹریبونل نے خارج کر دیا ہے۔
اپیلیٹ ٹریبونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے حماد اظہر کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا آر او کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
اپیلیٹ ٹریبونل کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ذرا برابر بھی پریشانی نہیں، البتہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کروں گا کیونکہ قانون واضح ہے اور عدلیہ کے اپنے بے شمار فیصلے موجود ہیں کے کسی شخص کو الیکشن لڑنے سے نہیں روکا جا سکتا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی کی کارکن صنم جاوید کے کاغذات مسترد کئے جانے کے خلاف اپیل بھی خارج کی گئی تھی۔
جسٹس طارق ندیم نے لاہور کے حلقے این اے 119 ، 120 اور پی پی 150 سے صنم جاوید کے کاغذات مسترد کرنے کیخلاف اپیل خارج کی۔