متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے این اے 242 کراچی پر ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی خبر کی تردید کردی۔
ایک بیان میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ این اے 242 کراچی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ این اے 242 کراچی سے مصطفیٰ کمال ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار ہیں۔
ایم کیو ایم نے تجویز کیا ہے کہ کراچی ضلع ملیر کی 3 نشستوں این اے 229، این اے 230، این اے231، ضلع ملیر کی 5 صوبائی نشستوں، ضلع جنوبی کے حلقہ این اے 239، اندرون سندھ میرپور خاص، نواب شاہ، سکھر اور لاڑکانہ کی قومی اسمبلی کی نشستوں پر ایم کیو ایم ، ن لیگ، جے یو آئی (ف) اور جی ڈی اے میں شامل جماعتیں مل کر کوئی حکمت عملی طے کر لیں، تاہم ابھی تک کسی بھی نشست کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ذرائع نے بتایا تھا کہ مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ طے پا گئی ہے، ایم کیو ایم این اے 242 شہباز شریف کو دینے پر آمادہ ہو گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ میرپور خاص، نوابشاہ اور سکھر کی قومی اسمبلی کی نشستوں پر بھی مسلم لیگ ن امیدوار حصہ لیں گے، میرپورخاص، نوابشاہ اور سکھر کی صوبائی نشستوں پر ایم کیو ایم امیدوار حصہ لیں گے۔