|

وقتِ اشاعت :   January 10 – 2024

نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے غیر ملکی جریدے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کے مضمون کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا کارنامہ قرار دے دیا۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے اعتراف کیا ہے کہ غیر ملکی جریدے میں مضمون انہوں نے نہیں لکھا، بانی پی ٹی آئی نے مضمون کے ریاست اور امریکا مخالف مواد کی توثیق بھی نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ نیم خواندہ اینکرز اور غیر ملکی جریدہ اے آئی کی فریب کاری پر شادیانے بجا رہے ہیں۔

دوسری جانب اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر صحافی نے بانی پی ٹی آئی سے سوال کیا کہ آرٹیکل لکھ کر  بھیجا یا زبانی ڈکٹیٹ کروایا؟ بانی پی ٹی آئی نے پہلے کہا انہوں نے خود آرٹیکل لکھا، بعد میں کہا انہوں نے ڈکٹیٹ کروایا۔

 بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وہ دی اکنامسٹ میں چھپنے والے آرٹیکل کی پوری ذمے داری لیتے ہیں۔

ایک اور سوال پر بانی پی ٹی آئی نے کہا آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا زمانہ ہے ، بہت جلد ان کی تقریر سوشل میڈیا پر آئے گی۔

ادھر ترجمان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کہنا تھا کہ دی اکنامسٹ میں چھپا آرٹیکل بانی پی ٹی آئی نے تحریر کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا دی اکنامسٹ میں چھپا آرٹیکل آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے نہیں لکھا گیا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل راولپنڈی کی اڈیالا جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے برطانوی جریدے دی اکنامسٹ میں مضمون لکھ کر ایک بار پھر اپنا الزام دُہرایا کہ اسٹیبلشمنٹ نے ہی امریکا کے دباؤ پر ان کی حکومت گرائی۔

اپنے مضمون میں بانی پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ تو دور کی بات، اسٹیبلشمنٹ پی ٹی آئی کو سرے سے فیلڈ ہی دینے کو تیار نہیں۔

عمران خان نے الیکشن کے انعقاد پر بھی شکوک و شہبات کا اظہار کیا اور لکھا کہ 8 فروری کو الیکشن کا اعلان ہوچکا لیکن گزشتہ سال مارچ میں سپریم کورٹ کے واضح حکم کے باوجود پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات نہیں کرائے گئے۔

برطانوی جریدے میں شائع بانی ٹی پی آئی کے مضمون پر ردِعمل دیتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات نے یہ حیران کن اور پریشان کن ہے، معزز ادارے نے ایسے فرد کے نام سے مضمون شائع کیا جو جیل میں ہے، اسے سزا ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر جیل میں بند مجرم میڈیا کو لکھنے کیلئے آزاد ہوتے تو وہ اپنی یک طرفہ شکایات کو نشر کرنے کیلئے ہمیشہ اس موقع کا استعمال کرتے۔

مرتضٰی سولنگی کا کہنا تھا کہ مبینہ طور پر بانی پی ٹی آئی کی جانب سے تحریر آرٹیکل کے بارے میں جریدے کے ایڈیٹر کو لکھا جائے گا۔