آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر قوم اور جیتنے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد دی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے انتخابات کے انعقاد پر نگران حکومت، الیکشن کمیشن اور سیاسی جماعتوں کو بھی مبارکباد دی ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ عوام کی حق رائے دہی کے لیے آزادانہ شرکت جمہوریت کے لیے ان کے عزم کا ثبوت ہے، مشکلات کے باوجود محفوظ انتخابی ماحول بنانے پر قانون نافذ کرنے والے ادارے زیادہ تعریف کے مستحق ہیں۔
جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ میڈیا، سول انتظامیہ اور عدلیہ کے ارکان کے تعمیری کردار نے قومی تاریخ کی سب سے بڑی انتخابی مشق کے کامیاب انعقاد کو ممکن بنایا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات اور جمہوریت پاکستان کے عوام کی خدمت کا ذریعہ ہیں۔ انتخابات جیتنے اور ہارنے کا مقابلہ نہیں ،عوامی مینڈیٹ کے تعین کی مشق ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ جمہوری قوتوں کی نمائندہ حکومت ملک کی متنوع سیاست کو قومی مقصد کے ساتھ بہتر طریقے سے پیش کرے گی۔ پاکستان کے عوام نے آئینِ پاکستان پر اپنا مشترکہ اعتماد ظاہر کیا ہے، سیاسی جماعتیں سیاسی پختگی اور اتحاد کے ساتھ قوم کے اعتماد کا جواب دیں۔
انہوں نے کہا کہ غور کرنا چاہیے کہ آج ملک کہاں کھڑا ہے ،غور کرنا چاہیے ،باقی اقوام میں ہمارا صحیح مقام کہاں ہونا چاہیے۔
جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ 25 کروڑ آبادی والے ترقی پسند ملک کے لیے انتشار موزوں نہیں، خواہش ہے کہ یہ انتخابات سیاسی اور معاشی استحکام لائیں، دعا ہے یہ انتخابات پاکستان کے لیے امن اور خوشحالی لائیں۔