الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے مختلف حلقوں میں دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ این اے 88 خوشاب کے متعلقہ پولنگ اسٹیشن پر 15فروری کو دوبارہ پولنگ کا حکم دیا گیا ہے۔
این اے 88 خوشاب میں 26 پولنگ اسٹیشنوں کے میٹریل کو آر او آفس میں ہجوم نے جلایا تھا، ان پولنگ اسٹیشنوں میں 15 فروری کو دوبارہ پولنگ کا حکم دیا گیا ہے۔
سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 18 گھوٹکی میں نا معلوم افراد نے دو پولنگ اسٹیشنوں کا پولنگ میٹریل چھینا تھا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پی ایس 18 گھوٹکی کے متعلقہ پولنگ اسٹیشن پر بھی 15فروری کو دوبارہ پولنگ ہوگی۔
خیبر پختونخوا میں پی کے 90 کوہاٹ کے متعلقہ پولنگ اسٹیشن پر بھی15 فروری کو دوبارہ پولنگ کا حکم دیا گیا ہے، پولنگ میٹریل چھینے جانے یا ضائع کیے جانے کے باعث دوبارہ پولنگ کا حکم دیا گیا، پی کے 90 کوہاٹ میں دہشتگردوں نے 15 پولنگ اسٹیشنوں کا میٹریل تباہ کیا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ان حلقوں کے نتائج کا اعلان 15 فروری کو پولنگ کی تکمیل کے بعد ہوگا۔
الیکشن کمیشن نے کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 242 کے ایک پولنگ اسٹیشن پر توڑ پھوڑ کی تحقیقات کا حکم دے دیا، ریجنل الیکشن کمشنر کو تین دن کے اندر کمیشن کو تحقیقاتی رپورٹ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔