|

وقتِ اشاعت :   February 14 – 2024

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کل رات پی ٹی آئی سے رابطہ کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

شیرافضل مروت نے میڈیا سے  گفتگو کرتے ہوئے  دعویٰ کیا کہ آصف زرداری کل رات 11 بجے تک مجھ سے رابطے کرتے رہے، ان رابطوں پر دستیاب قیادت علیمہ خان،  شہریار آفریدی، شاندانہ گلزار ہم نے بیٹھ کر ڈسکشن کی۔

شیر افضل کے مطابق پیپلزپارٹی نے عندیہ دیا ہے کہ جو آپ کی سیٹیں ہیں ڈیو پراسس آف لا سے واپس لے لیں ہم اعتراض نہیں کریں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی نے عندیہ دیا کہ ہماری ترجیح ن لیگ کے بجائے پی ٹی آئی ہے۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا دو ٹوک مؤقف ہے کہ مینڈیٹ چرانے والو کے ساتھ مل کر حکومت سازی نہیں کرسکتے ، یہ پیش رفت کل بانی پی ٹی آئی کے نوٹس میں لاؤ نگا۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑی تو بانی پی ٹی آئی احتجاج کی کال دیں گے،9 مئی دوبارہ ہو یا 10 بار ہو عوام کا حق ان کو دلائیں گے۔

شیرافضل مروت کا کہنا تھا کہ شانگلہ میں امیر مقام کو جعلی طریقے سے جتوایا گیا، فارم 45 کے مطابق ہمارے امیدوار نے 64 ہزار،امیر مقام نے 45 ہزار ووٹ لیے، کے پی میں ہم سے 8 صوبائی اور 3 قومی حلقے چھینے گئے جبکہ بلوچستان میں ہم سے قومی اسمبلی کے 7 اور صوبائی اسمبلی کے 23 حلقے چھینے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ علی امین کا انتخاب بانی پی ٹی آئی کا دانشمندانہ فیصلہ ہے، علی امین کی تمام املاک قرق کی جاچکی ہیں،62 کے لگ بھگ مقدمات ہیں، پی ٹی آئی علی امین  کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔