8 فوروری 2024 کو ملک بھر میں ہونے عام انتخابات کے نتائج میں مبینہ ردوبدل کے خلاف بلوچستان میں 4 جماعتی اتحاد کا احتجاج جاری ہے جب کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دھرنا چھٹے دن میں داخل ہوگیا۔
ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی پر مبنی 4 جماعتی اتحاد کی کال پر کل بھی کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور مظاہرے کیے جائیں گے جب کہ ہفتہ کو کوئٹہ میں احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ مبینہ دھاندلی کے خلاف کوئٹہ ڈیرہ غاذی خان، کوئٹہ ڈیرہ اسماعیل خان اور کوئٹہ چمن قومی شاہراہ بھی بند ہے، قومی شاہراہوں کی بندش سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے جب کہ اشیائےخور دونوش کی قلت بھی پیدا ہورہی ہے۔