|

وقتِ اشاعت :   March 31 – 2024

تربت:نیشنل پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری، ضلع کونسل کیچ کے سابق چیئرمین حاجی فداحسین دشتی نے کہاہے کہ عوام کے حق رائے دہی پر شب خون سے عوام کا جمہوری سیاسی نظام پر اعتماد ختم ہوگیا ہے، حکومت صوبہ میں سیاسی ماحول پیداکرنے کیلئے اقدامات اٹھائے اور لاپتہ افراد کے مسئلہ پر سنجیدگی کامظاہرہ کرکے لاپتہ افراد کومنظرعام پر لایاجائے، حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے مضبوط معاشی وسیاسی پیکیج کا اعلان کرے،

انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں حالات کی خرابی کے سب سے زیادہ ذمہ دار وہ عناصر ہیں جنہوں نے الیکشن میں فراڈ کرکے عوامی حق رائے دہی پر شب خون مارکر من پسند لوگوں کو عوام پر مسلط کردیا ہے، 2024ء کے الیکشن نے بلوچستان کے عوام میں مایوسیوں کو مزید گہرا کردیا ہے کیونکہ اب عوام سے ووٹ کا حق بھی چھن گیا ہے، عوام کو اپنے نمائندے چننے کا حق بھی نہیں دیا جا رہا ہے 2018ء کے الیکشن کی طرح 2024ء کے الیکشن بھی برائے نام اورجھرلو انتخابات ثابت ہوئے، عوام کی مینڈیٹ کی توہین کی گئی، عوام اس سسٹم سے پہلے سے مایوس اورناامید تھے مگر2024ء کے الیکشن میں عوام کے ووٹوں سے فراڈ کی وجہ سے عوام کا اعتماد جمہوری سیاسی سسٹم پر مکمل طورپر ختم ہوکر رہ گیا ہے،کیونکہ عوام کسی اور پر اعتماد کرکے ووٹ دیتے ہیں کامیاب وہ ہوتاہے جو اپنے گھر بیٹھا ہوتا ہے،

عوام کسی اورکو چاہتے ہیں ادارے کسی اورکومسلط کردیتے ہیں جس کی وجہ سے حالات روزبروز ابتری کی طرف جارہے ہیں، حقیقی نمائندوں کو حق نمائندگی اور عوام کے ووٹ کی تقدس کی بحالی ضروری ہے، انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کو چاہیے کہ وہ بلوچستان کے مسئلہ کو سنجیدگی سے لے بلوچستان میں سیاسی ماحول پیداکرنے کیلئے اقدامات اٹھائے اور لاپتہ افرادکو منظر عام پر لاکر انہیں عدالتوں میں پیش کیاجائے، حاجی فداحسین دشتی نے کہاکہ بلوچستان میں صنعتیں اور کارخانے نہیں ہیں، زراعت نہ ہونے کے برابر ہے، روزگار کے دیگر ذرائع بھی مفقود ہیں،

بلوچستان کے سیاسی ومعاشی حالات کی ابتری کے پیش نظر ایک ایسا پیکیج دیاجائے کہ جس سے بلوچستان کے عوام بالخصوص نوجوان طبقہ اور طلباء زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکے، نوجوانوں کے اسکلز ڈیولپمنٹ کیلئے ادارے قائم کئے جائیں، انہیں وفاقی اور صوبائی سطح پر پرکشش وظائف دئیے جائیں نوجوانوں کیلئے روزگار کے حصول کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیداکئے جائیں۔