|

وقتِ اشاعت :   April 14 – 2024

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے خطرات ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ  بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے اموات ہو رہی ہیں، آسمانی بجلی عموماً کھلی و بلند جگہوں پر گرتی ہے۔

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ عوام آسمانی بجلی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں، شہری گرج چمک کے دوران درختوں کے نیچے پناہ لینے اور بیٹھنے سے گریز کریں۔

پی ڈی ایم اے نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کھلے آسمان تلے چمکدار اشیاء بالکل نہ رکھیں، جانوروں کو کھلے مقامات پر نہ باندھیں، لوہے کی چیزوں، گاڑیوں اور کھمبوں سے دور رہیں،  میدانی علاقوں، ساحلوں اور دیگر کھلے علاقوں میں نہ جائیں۔

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے یہ بھی کہا کہ کھلے میں موبائل فون گیم، لینڈ لائن فون، کمپیوٹر، لیپ ٹاپ کا استعمال نہ کریں، دوران گرج چمک موٹر سائیکل اور سائیکل پر سفر نہ کریں۔