|

وقتِ اشاعت :   April 19 – 2024

امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فائر کیے گئے میزائل ایران کے شہر اصفہان کے فوجی اڈے پر لگے جبکہ ایران نے اصفہان میں اسرائیل کے میزائل حملے کی سختی سے تردید کی ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی میزائل ایران کے شہر اصفہان کے قریب فوجی اڈے پر لگا، اسرائیل کا حملہ انتہائی محدود پیمانے کا تھا۔

دوسری جانب ایرانی حکام نے اسرائیل میزائل حملے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اصفہان میں کوئی میزائل حملہ نہیں ہوا۔

ایران کے سینئر کمانڈر کا کہنا ہے دھماکے کی آوازیں اصفہان میں مشکوک شےکو نشانہ بنانے کی تھیں، رات کے وقت ہونے والے حملے سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔

ترجمان ایرانی سائبر اسپیس سینٹر کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے میزائل حملے کی ابھی کوئی اطلاع نہیں ہے، اصفہان کی فضا میں 3 ڈرونز تباہ کر دیے گئے۔

عالمی جوہری ایجنسی نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایرانی جوہری تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، صورتحال کا قریب سے مشاہدہ کر رہے ہیں۔

عالمی جوہری ایجنسی نے فریقین سے تحمل کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری تنصیبات کو کبھی بھی فوجی تنازعات میں نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *