مسلم لیگ (ن) پنجاب نے سابق وزیراعظم و پارٹی قائد نواز شریف سے دوبارہ پارٹی کی صدارت سنبھالنے کی درخواست کردی۔
ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ نواز شریف سے پارٹی قیادت دوبارہ سنبھالنے کی درخواست کردی ہے، نواز شریف دوبارہ پارٹی کی قیادت کریں گے اور وہ عدالتوں سے سرخرو ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ پنجاب کے اجلاس کی تجاویز چین سے واپسی پر نوازشریف کو پیش کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھاکہ پارٹی اپنی وفاق اورپنجاب حکومت کے ساتھ بھرپور انداز میں کھڑی ہے، مریم نواز پنجاب میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے بھرپور کوشش کررہی ہیں، ہم اپنی خامیوں اور کوتاہیوں پر قابو پائیں گے، ہم وہ ہی لیڈرشپ مہیا کریں گے جس کی عوام توقع رکھتےہیں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ اتحادی حکومت مسلم لیگ ن کی منشور کی پابند نہیں ہے، مہنگائی پر جو بھی حکومت وقت ہوگی وہ ذمے دار ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہٹ دھرمی اور غیر سیاسی رویے کی وجہ سے سیاسی نظام نقصان اٹھارہا ہے۔
خیال رہے کہ 2017 میں وزارت عظمیٰ سے نااہلی کے بعد سپریم کورٹ نے نواز شریف کو پارٹی صدارت کیلئے بھی نااہل قرار دیا تھا۔