|

وقتِ اشاعت :   May 1 – 2024

جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی رہنماء حافظ حمد اللّٰہ کا کہنا ہے کہ یکم مئی کو مزدور ڈے منانے والی اشرافیہ ہی مزدوروں کے استحصال کی ذمے دار ہے۔

لیبرڈے کے موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی رہنماء حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ آج بھی مزدور نان شبینہ کے لیے نحیف و نزار جسموں کے ساتھ پسینے میں شرابور ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ مزدوروں کے نام پر ارب پتی طبقہ بچوں کے ساتھ پکنک منانے میں مصروف ہے، اسلام ہی نے مزدور کو اس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اجرت کی ادائیگی کا حکم دیا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی رہنماء حافظ حمد اللّٰہ نے مزید کہا کہ ہمارے یہاں مزدوروں کے حقوق پر ڈاکا زنی کے ذریعے عیاشی کا بندوست کیا جا رہا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر واقعی حکومت مزدوروں کے ساتھ مخلص ہے تو آج ہی سے ان کے بچوں کے تعلیمی اخراجات اپنے ذمے لے، پاکستان میں مزدوروں کے نام پر سب سے زیادہ استحصال مزدوروں کا ہو رہا ہے ۔