|

وقتِ اشاعت :   May 4 – 2024

کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بلوچستان سول سروس آفیسرز ایگزیکٹو برانچ ویلفئیر ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے صدر مجیب الرٰحمان قمبرانی کی سربراہی میں ملاقات کی اور بلوچستان میں سول سروسز میں بہتری سے متعلق اپنی تجاویز سے آگاہ کیا آفیسرز ایسوسی ایشن کے وفد نے گورننس کی بہتری کیلئے مجوزہ اقدامات اور اصلاحات کی حمایت کرتے ہوئے کرپشن اور بے ضابطگیوں کے تدارک کیلئے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے وژن کا بھرپور ساتھ دینے کا عزم ظاہر کیا

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے میں گورننس کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں اس ضمن میں صوبائی حکومت کی جانب سے 60 سے زائد قابل عمل اصلاحات تجویز کی گئی ہیں جن پر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے بیوروکریسی حکومتی اقدامات اور پالیسیوں پر عمل درآمد کے لئے مرکزی کردار کی حامل ہے اس لئے اصلاحات کے وڑن پر افسران کا مکمل تعاون نہایت ضروری ہے بلوچستان اور یہاں کے عوام کی بہبود کے لیے سول سروسز کے تمام گروپس کو حکومتی اقدامات کا پوری زمہ داری سے ساتھ دینا ہوگا تاکہ مطلوبہ اہداف کا حصول ممکن ہوسکے وزیر اعلٰی نے کہا کہ افسران خلاف قانون امور میں کسی کا کاندھا نہ بنیں بلکہ میرٹ کے فروغ کے لئے کام کریں اس سلسلے میں انہیں وقتی مشکلات کا سامنا ضرور ہوسکتا ہے

تاہم جیت ہمیشہ اصولی موقف کی ہی ہوتی ہے یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ اصولوں پر قائم افسران اکثر زیر عتاب رہتے ہیں اور ان کی سروس کا بیشتر حصہ “او ایس ڈی” گزرتا ہے لیکن انہیں باشعور طبقات میں ہمیشہ اچھے الفاظ سے یاد کیا جاتا ہے اہلیت اور میرٹ کو ہر صورت مقدم رکھنا ضروری ہے غلط کو غلط اور صحیح کو صحیح کہنے کی جرات ہونی چاہئیذاتی مفاد کے لئے اصولی موقف پر سودا بازی اور پیشہ ورانہ وقار کو مجروح کرنا درست نہیں وزیر اعلٰی نے کہا کہ جونیئر افسران سئنیر پوسٹ پر تعیناتی کے لئے سیاسی اثر رسوخ استعمال کرتے ہیں

جو درست نہیں ذاتی فوائد کے لئے جونیئر افسران کو اپنے سئنیرز کی پوزیشن پر نہیں آنا چاہئے اس ضمن میں افسران کی کونسلنگ کی ضرورت ہے سیاستدان ساتھیوں کو بھی سمجھائیں گے کہ وہ میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے خلاف قانون سفارش سے گریز کریں وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں ڈپٹی کمشنرز کو صرف ریونیو کے امور تک محدود کردیا گیا ہے جس سے مسائل پیدا ہوئے ہیں انتظامی افسران کو عوامی مسائل کے حل کیلئے بااختیار بنانا ضروری ہے

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اچھی انتظامی صلاحیتوں کے حامل افسران کی حوصلہ افزائی کریں گے اور ان کی پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے امید ہے کہ سول سروسز کی بہتری کیلئے تجویز کردہ اقدامات کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوں گے اور گڈ گورننس کے قیام میں مدد ملے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *