|

وقتِ اشاعت :   May 6 – 2024

کوئٹہ: بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ٹنڈوجام جام زون کا جنرل باڈی اجلاس سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چئیرمین بی ایس او بالاچ قادر نیکی جبکہ مہمان خصوصی مرکزی کمیٹی اراکین کرم بلوچ اور عادل بلوچ تھے۔

اجلاس کا آغاز شہدائے بلوچستان کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی سے کی گئی۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال،بلوچ طلباء کو درپیش مسائل،تنقیدی نشست ،

تنظیمی امور اور آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے شامل تھے۔ بی ایس او ٹنڈو جام زون کی جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین بی ایس او بالاچ قادر نے کہا کہ بلوچ طلباء کو منظم کرنا اور ان میں سیاسی شعور کی بیداری ہمارا قومی فرض ہے۔

انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیمی اداروں کی فقدان سے بلوچ طلباء مختلف علاقوں میں منتشر ہیں جن کو یکجاہ کرکے منظم سیاسی قوت دینا ہوگا۔ موجودہ دور میں جہاں بلوچستان کے تعلیمی ادارے مالی دیوالیہ پن کا شکار ہوچکے ہیں اور تعلیمی اسٹریکچر کو دانستہ طور پر زبوں حالی کا شکار بنایا گیا تو وہاں دوسری جانب ملک کے دیگر صوبوں میں پڑھنے والے بلوچ طلباء بھی مسائل کا شکار ہیں۔

دیگر صوبوں میں پڑھنے والے بلوچ طلباء کو قومی شناخت کی بنیاد پر ہراسمنٹ کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ طلباء کی جبری گمشدگی،پروفائلنگ اور بلوچستان کے مخصوص سیٹوں پر فیس کی شرائط جیسے اقدامات کا مقصد طلباء کیلئے مستقبل قریب میں تعلیمی دروازے بند کرنے کی سازشیں ہیں۔

بلوچ طلباء قابلیت کی بنیاد پر سینکڑوں کلومیٹر سفر کرکے ملک کے تعلیمی اداروں میں داخلہ لیتے ہیں لیکن متعصبانہ حربوں کے ذریعے ان کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے۔

چئیرمین بی ایس او نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے ہم گروپس کی بجائے سیاسی تنظیموں کو مضبوط کریں۔بی ایس او بلوچ طلباء کی اولین سیاسی درسگاہ ہے جس نے ایک منظم ادارے کی صورت میں بلوچ طلباء کو متحد کیا۔ بلوچ طلباء سطحی اپروچ کی بجائے قومی اپروچ کو لیکر آگے بڑھیں۔

آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے پر ٹنڈو جام زون کے انتخابات عمل میں لائے گئے جس کے مطابق شابان بلوچ صدر،اسلم بلوچ سینئیرنائب صدر،شاداب بلوچ جونئیر نائب صدر،آفتاب علی، جنرل سیکریٹری،کاشف بلوچ سینئیر جوائینٹ سیکریٹری،اختربلوچ جونئیر جوائنٹ سیکریٹری اور نزیربلوچ انفارمیشن سیکریٹری منتخب ہوگئے۔ چئیرمین بی ایس او نے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *